ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہرمنتخب نمائندوں کے لئے سرکاری اسکول گود لینا لازمی؛ محکمہ تعلیمات عامہ کی طرف سے نوٹی فیکیشن جاری

ہرمنتخب نمائندوں کے لئے سرکاری اسکول گود لینا لازمی؛ محکمہ تعلیمات عامہ کی طرف سے نوٹی فیکیشن جاری

Fri, 16 Sep 2016 12:11:29    S.O. News Service

بنگلورو۔15/ستمبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سمیت ریاست کے تمام اراکین اسمبلی پر یہ لازمی ہوگا کہ اپنے اپنے حلقے میں ایک سرکاری اسکول کو گود لیں اور اس کی ترقی یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیمات عامہ کی طرف سے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کیا جاچکا ہے۔ اس نوٹی فکیشن کے مطابق رواں سال ریاست بھر میں پانچ ہزار پرائمری، مڈل اور ہائی اسکولوں کو ترقی دینے کا نشانہ طے کیاگیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ ریاستی وزراء، اراکین اسمبلی، کونسل، کارپوریشنوں کے میئرس، ڈپٹی میئرس، سبھی کارپوریٹر، ضلع پنچایت، تعلقہ پنچایت ممبران، آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس، کے اے ایس عہدیدار بھی سرکاری اسکولوں کی ترقی کیلئے کام کریں گے، اور لازمی طور پر ان سب کو ایک اسکول گود لینی ہوگی۔ اس نوٹی فکیشن کے مطابق منتخب نمائندے اپنے اپنے حلقوں یا وارڈس کے کسی اسکول کو گود لیں گے اوروہاں بیت الخلاء، پینے کا پانی، دوپہر کے کھانے کیلئے ہال، کھیل کا میدان، لائبریری، کمپیوٹرس، اسکول کے کامپاؤنڈ کی دیوار اور ارد گرد اچھا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اب تک اس سلسلے میں نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے کے سبب مٹھی بھر منتخب نمائندوں نے ہی سرکاری اسکولوں کو گود لیاتھا اور ان لوگوں کی طرف سے اسکولوں کو بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کی طرف اتنی توجہ نہیں دی گئی تھی،لیکن تازہ نوٹی فکیشن کے تحت لازمی طور پر انہیں اسکولوں کی ترقی پر توجہ دینی پڑے گی۔ نجی اسکولوں سے مسابقت کیلئے ریاستی حکومت نے یہ طریقہ اختیار کیا ہے۔ سرکاری اسکولوں کی زبوں حالی کے نتیجہ میں ان اسکولوں ٹ میں طلبا کی تعداد جہاں دن بدن گھٹ رہی ہے وہیں کم حاضری کی وجہ سے ان اسکولوں کا وجود بھی خطرہ میں پڑ رہاہے۔ سرکاری اسکولوں کی طرف بچوں کو راغب کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے دوپہر کا گرم کھانا، ہفتے میں پانچ دن کشیرا بھاگیہ اسکیم کے تحت ہر بچے کو 150 ایم ایل دودھ کی فراہمی،ہائی اسکول کی بچیوں کو مفت سائیکل، تمام بچوں کو مفت کتابیں، یونیفارم، جوتے، موزے وغیرہ فراہم کئے جارہے ہیں۔ ہائی اسکول کی بچیوں کو ترغیبی رقم دی جارہی ہے، لیکن سرکاری اسکولوں کے ناقص انفرااسٹرکچر کی وجہ سے بچے ان اسکولوں کی طرف متوجہ نہیں ہورہے ہیں۔اسے دور کرنے کیلئے محکمہئ تعلیمات نے تازہ نوٹی فکیشن جاری کیا ہے۔


Share: